جس نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا اس کو کیوں قتل کیا گیا بلاول

0
476

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ اگر 18 ویں ترمیم کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی تو ایک لات مار کر حکومت کو ختم کر دوں گا۔

گڑھی خدا بخش میں ذوالفقار علی بھٹو کی 40 ویں برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آج کے دن پاکستان کے عوام کی امیدوں کا قتل ہوا، آئین پاکستان کے خالق کا خون ہوا، آج کا دن سوال پوچھ رہا ہے کہ بتاؤ عوام کے محافظ کو قتل کیوں کیا گیا؟

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جس نے ٹوٹے ملک کو جوڑا، ہاری ہوئی قوم کو اپنے پیروں پر کھڑا کیا اس کو کیوں قتل کیا گیا؟ جو جنگی قیدی واپس لایا، جس نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا اس کو کیوں قتل کیا گیا؟

انہوں نے کہا کہ آج کا دن یہ سوال پوچھ رہا ہے کہ پیپلز پارٹی کو انصاف کب ملے گا؟ ہمارے خون کا مقدمہ ہو تو عدل کی دیوی کو نیند کیوں آ جاتی ہے؟

پی پی چیرمین نے کہا کہ آصف زرداری نے 8 سال پہلے اعلیٰ عدالت میں درخواست کی کہ بھٹو کے خون کا جواب دیا جائے، بھٹوز کیوں قتل ہوتے رہے اس کا جواب کون دے گا؟ ہمارے خون کا حساب کون دے گا؟

بلاول بھٹونے کہا کہ تاریخ یہ ہے کہ 1971 کی جنگی شکست کے بعد ذوالفقار علی بھٹو کو بچا کچھا پاکستان ملا، پوری دنیا خلاف تھی لیکن ذوالفقار بھٹو نے کہا کہ گھاس کھائیں گے لیکن ملک پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ آج اگر آپ بھارت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کر سکتے ہو تو اس کی وجہ ذوالفقار بھٹو ہیں، کیا ذوالفقار علی بھٹو کو ملک کا دفاع مضبوط کرنے کی سزا دی گئی؟

انہوں نے کہا کہ جو قوتیں پاکستان کو ایٹمی قوت نہیں دیکھنا چاہتی تھی ان کا آلہ کار کون بنا، بتائیں وہ 9 ستارے کہاں سے آئے تھے؟ کیا وہ غدار تھا جس نے آئین دیا یا وہ غدار تھا جس نے آئین توڑا؟

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمارا نظریہ نہیں بدلا لیکن تمھارا بیانیہ بدلتا رہتا ہے، آئین پر حملہ کرنے کی کوشش کی گئی تو تمھارا حشر بھی آمروں جیسا ہوگا۔

وزیراعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے بلاول بھٹونے کہا کہ گھوٹکی میں آکر کہتے ہیں کہ 18 ویں ترمیم سے وفاق دیوالیہ ہوگیا۔

چیرمین پی پی نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی اصلیت پہچانو، یہ وہ لوگ ہیں جو ذوالفقار علی بھٹو شہید کے آئین اور آپ کے حقوق کے دشمن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس ملک کو واپس ون یونٹ نہیں بننے دیں گے، تم کوشش کر لو ہم تمہارے سامنے دیوار بن کر کھڑے ہو جائیں گے۔بشکریہ روزنامہ جنگ

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here