پی ایس ایل فائیوکے بقیہ میچز کا شیڈول جاری

0
429

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020 کے بقیہ میچز کے شیڈول کا اعلان کردیا۔کرکٹ بورڈ کی جانب سے کیے گئے اعلان کے مطابق پی ایس ایل فائیو کے باقی ماندہ چار میچز 14، 15 اور 17 نومبر کو کھیلے جائیں گے۔پی سی بی نے بتایا کہ یہ چاروں میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔واضح رہے کہ عالمگیر وبا کورونا وائرس دنیا بھر میں پھیلنے کے بعد پاکستان میں بھی اس مہلک وائرس کے کیسز سامنے آنا شروع ہوگئے تھے۔اس دوران عالمی ادارہ صحت کی جانب سے جاری سماجی فاصلہ اختیار کرنے کی گائیڈ لائنز کے مطابق لوگوں کو گھروں تک محدود کرنے کے لیے کئی ممالک شٹ ڈاؤن کی حالت میں چلے گئے اور لاک ڈاؤن لگادیا گیا تھا۔اسی دوران پی ایس ایل میں شرکت کے لیے پاکستان میں موجود غیر ملکی کھلاڑی، کوچز، اسٹاف اور ٹیکنیشنز نے بھی اپنے اپنے ممالک کی راہ لی پی سی بی نے آخر مرحلہ ختم کرکے ایونٹ کا اختتام ناک آؤٹ مرحلے پر کرنے کا فیصلہ کیا جس میں سیمی فائنلز اور فائنلز کھیلے جانے تھے۔ مذکورہ تین میچز بھی ممکن نہ ہوسکے اور ایونٹ کو وہیں روکنے کا اعلان کردیا گیا تھا، بعدازاں پی سی بی کی جانب سے یہ بتایا گیا تھا کہ پی ایس ایل فائیو کے دیگر میچز کورونا وائرس ختم ہونے کے بعد کروائے جائیں گے۔موجودہ صورتحال کے تناظر میں پاکستان سے آہستہ آہستہ نہ صرف کورونا کیسز میں کمی آرہی ہے بلکہ معمولات زندگی بھی بحال ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ایسے میں پی سی بی کی جانب سے ایونٹ کے آخری مرحلے کا اعلان کردیا گیا ہے۔اب سیمی فائنلز اور فائنل کو ختم کرتے ہوئے پی ایس ایل کے روایتی پلے آف مرحلے کو ترتیب دے دیا گیا ہے۔پی سی بی کے مطابق 14 نومبر کو ایونٹ کا کوالیفائر اور ایلیمنیٹر ون میچ ڈبل ہیڈر کی بنیاد پر کھیلے جائیں گے۔کوالیفائر میں ملتان سلطانز اور کراچی کنگز مدِ مقابل ہوں گی جبکہ لاہور قلندرز اور پشاور زلمی ایلیمنیٹر ون میں پنجہ آزمائی کریں گے۔اسی طرح ایلیمنیٹر ٹو 15 نومبر کو کھیلا جائے گا جس میں کوالیفائر کی شکست کھانے والی اور ایلیمنیٹر ون کی فاتح ٹیمیں مدِ مقابل ہوں گی۔
ایک روز کے آرام کے بعد پی ایس ایل فائیو کا فائنل 17 نومبر کھیلا جائے گا جس میں ایلیمنیٹر ٹو اور کوالیفائر کی فاتح ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔بشکریہ روزنامہ جنگ

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here