پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر حافظ آباد کی رہائشی شازیہ بی بی پہلے ہی غربت سے تنگ تھیں لیکن مالی امداد کے نام پر اپنے ساتھ ہونے والے دھوکے نے ان کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کر دیا۔
شازیہ بی بی بھی ان متاثرین میں شامل ہیں جن کی ریڑھ کی ہڈی سے دھوکے سے مواد نکلا گیا۔
انھوں نے جھانسے میں آنے کے بارے میں بتایا کہ تقریباً ڈیڑھ ماہ پہلے آمنہ نامی خاتون ان کے گھر آئی اور بتایا کہ نواز شریف کی جانب سے مالی امداد کے پیکیج کے فارم آئے ہیں جس کے تحت ان کی مالی امداد ہو سکتی ہے۔
شازیہ کے بقول انھوں نے اس کی بات پر زیادہ دھیان نہیں دیا لیکن آمنہ نے دوبارہ چکر لگائے اور ہر طرح سے مطمئن کیا کہ امداد کے لیے صرف خون کے ٹیسٹ لینے ہیں اور آخری بار ساتھ میں ندیم کو بھی لائی کہ یہ سول ہسپتال میں کام کرتا ہے اور ٹیسٹ لینے میں مدد کرے گا۔
شازیہ کے بقول رضامندی ظاہر کرنے پر آمنہ نے کہا کہ اپنی بیٹی کے بھی ٹیسٹ کرا لوں تو ’میں نے کہا کہ اس کی عمر ابھی صرف 13 برس ہے‘ تو اس نے کہا کہ کوئی بات نہیں، اس کے ٹیسٹ کرا لوں تو اس کے نام پر بھی جہیز پیکج سے امداد ہو جائے گی۔
اس کے بعد آمنہ دونوں ماں بیٹی کو قریب میں ہی اپنے گھر میں لے گئی جہاں ندیم بھی موجود تھا۔
شازیہ نے بتایا کہ گھر میں آمنہ نے کمر پر انجیکشن لگا کر اور ایک بازو پر انجیکشن لگا کر نمونہ حاصل کیا۔
شازیہ کے بقول جیسے ہی کمر پر انجیکشن لگایا تو انھیں شدید درد ہوئی اور درد اتنی شدید تھی کہ میری بیٹی نے رونا شروع کر دیا تو آمنہ نے تسلی دی کہ چپ کرو یہ آپ لوگوں کے فائدے میں ہے کیونکہ آپ لوگ غریب اور کرایہ دار ہیں اور حکومت مالی مدد کرے گی۔
اس سارے عمل کے دوران ملزمان کی جانب سے رقم ادا کی گئی اور کیا فارم کو دیکھا؟
شازیہ نے بتایا کہ ٹیسٹ کے دوران ندیم ایک کاغذ پر کچھ لکھ رہا تھا لیکن ہم نے فارم کو دیکھا نہیں کہ وہ کیا لکھ رہا ہے۔
ٹیسٹ لیے جانے کے چند دن بعد آمنہ دوبارہ آئی اور کہا کہ آپ لوگوں کی امداد چند دن میں آ جائے گی اور فارم بھیجنے کے لیے ایک ایک سو روپے چاہیں تو اس کے ساتھ ندیم نے کہا کہ اس کی کوئی ضرورت نہیں کیونکہ آپ غریب لوگ ہیں اور یہ رقم اپنی جیب سے ادا کر دے گا۔
شازیہ کے بقول آمنہ جب دوبارہ آئی کہ بینک اکاؤنٹ کھولنے کے لیے دو سو روپے درکار ہیں اور جب یہ بات اپنے شوہر کو بتائی کہ انھوں نے کہا کہ یہ کوئی فراڈ لگ رہا ہے کیونکہ دو سو روپے میں تو اکاؤنٹ نہیں کھلتا اور اس چند دن بعد ہی محلے کے ایک شخص نے ان واقعات کے بارے میں پولیس کو رپورٹ کر دی۔
شازیہ کے مطابق ٹیسٹ کے بعد سے ان کی دائیں ٹانگ میں درد رہنا شروع ہو گیا لیکن اس سے زیادہ پریشانی اپنی بیٹی کے بارے میں ہے جس کی طبیعت اس دن سے خراب ہے۔
’ان لوگوں نے ہمارے ساتھ بہت بڑا دھوکہ کیا ہے، ظلم کیا ہے ہمارے ساتھ، اب سرکاری ہسپتال میں ہمارا معائنہ کیا گیا اور کہا ہے کہ اچھی خوراک کھائیں، ہم غریب لوگوں کے لیے پہلے ہی دو وقت کا کھانا مشکل تھا، اب کیا کریں شوہر مزدوری کرتا ہے تو مکان کا کرایہ دیں، بچوں کا پیٹ پالیں یا اچھی خوراک کھائیں، کیا کریں کچھ سمجھ نہیں آ رہا۔شکریہ بی بی سی اردو