نواز شریف نےچیئرمین نیب کیخلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کر لیا

0
637

اسلام آباد / مسلم لیگ (ن) کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے اپنے قائد نواز شریف کے خلاف منی لانڈرنگ کےالزامات پر چیئرمین نیب کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ چیئرمین نیب کے معاملے پر پیچھے نہیں ہٹیں گے، یہ چھوٹا نہیں بلکہ کافی سنجیدہ معاملہ ہے، اس سے زیادہ اب حالات کیا خراب ہوں گے،میرے ساتھ اس سے زیادہ کیا ہو سکتا ہے، آمروں کے دور میں بھی ایسا نہیں دیکھا جو ہو رہا ہے،جو یہ سب کر رہے ہیں راستہ بھی انھوں نے ہی نکالنا ہے۔ علاوہ ازیں 15مئی سے الیکشن درخواستیں لینے کا فیصلہ کیا گیا ۔ادھر ملتان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ملتان کی ترقی دیکھ لو‘ پشاور سےبہترنہ ہوا تو ووٹ مانگنا چھوڑ دوں گا، جنوبی پنجاب والو! مسلم لیگ کواتنے ووٹ دو ہم پارلیمنٹ میں جاکر نااہلی کا فیصلہ ختم کر دیں‘ ٹھیکیداروں کوبتادینا چاہتاہوں جنوبی پنجاب کی عوام میرےساتھ ہیں جبکہ مریم نواز نے خطاب میں کہا کہ نوازشریف نے تین نسلوں کاحساب دیدیا‘ لینے والےتھک گئے۔ جاوید ہاشمی نے کہا کہ وصیت کردی مسلم لیگ کے پرچم میں دفن کیا جائے۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو یہاں پنجاب ہاؤس میں نواز شریف کی صدارت میں مسلم لیگ (ن) کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں شہباز شریف، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ، راجہ ظفر الحق، سردار مہتاب ، سردار ایاز صادق ، مریم نواز، مریم اورنگزیب ، سعد رفیق ، مشاہد حسین ، راجہ فاروق حیدر ،برجیس طاہر ، پرویز رشید ، چوہدری شیر علی ، عشرت اشرف ، رانا ثنااللہ اور دیگر نے شرکت کی ۔ اجلاس کے شرکاء نے عہد کیا کہ ہم اپنے قائد نواز شریف کے خلاف ہر سازش اورہتھکنڈے کو ناکام بنانے کے لیے آئینی ، قانونی اور جمہوری جدوجہد کو اس وقت تک جاری رکھیں گے۔ اجلاس نے پارٹی قائد کے اس مطالبے کی تائید کی کہ چیئرمین نیب فی الفور اپنے الزامات کے ثبوت پیش کریں یا استعفیٰ دے کر گھر جائیں۔اجلاس میں احسن اقبال پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت اور ان کی صحت یابی کے لیے دعا کی گئی ۔اجلاس میں طے پایا کہ 15مئی سے قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کے ممبران کیلئے درخواستیں وصول کی جائیں گی۔قومی اسمبلی کے لیے 50ہزارجبکہ صوبائی اسمبلی کے لیے 30ہزار روپے فیس مقرر کی گئی۔ اجلاس میں باہمی مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ چیئرمین نیب کے خلاف نواز شریف خود سپریم جوڈیشل کونسل میں شکایت لے کر جائیں گے۔ اجلاس میں اس کے خلاف قرار داد مذمت بھی پاس کی گئی ہے ۔ قبل ازیں احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئےقائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف نےکہا ہے کہ چیئرمین نیب کی جانب سے جاری اعلامیہ چھوٹا نہیں بلکہ کافی سنجیدہ معاملہ ہے۔ ادھر ملتان میں گزشتہ روز قلعہ کہنہ قاسم باغ اسٹیڈیم میں مسلم لیگ کے زیر اہتمام جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نوازشریف نے عوا م سےاپیل کی ہے کہ عام انتخابات میں مسلم لیگ کو اتنا ووٹ دینا کہ ہم پارلیمنٹ میں جاکرنااہلی کے فیصلے کو ختم کریں‘ ہم نے آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر مقابلہ کیا اور دہشت گردی کا خاتمہ‘ کراچی کے امن کو بھی بحال کیا‘ عمران خان 10 لوگوں کو ملتان اور جنوبی پنجاب بھیجیں اور یہاں کی ترقی دیکھیں‘ اگر ملتان آپ کے پشاور سے بہترنہ ہوا تو ووٹ مانگنا چھوڑ دونگا‘ سارا پاکستان کے الیکشن میں لودھراں بننے والا ہے۔ اس طرح کے فیصلے صرف پاکستان میں ہوتےہیں دنیا کے دوسرے ممالک میں ایسی کوئی مثال نہیں ملتی ہے لیکن میں اس فیصلے کو ووٹ کی طاقت سے بدل کررکھ دونگا‘انہوں نے کہا عمران خان نے ساری زندگی جھوٹ بولا اور منافقت کی اور آج جنوبی پنجاب کے ٹھیکیداروں کومیں بتا دینا چاہتا ہوں کہ جنوبی پنجاب کی عوام میرے ساتھ ہیں‘ پشاور کے مقابلے میں ملتان ترقی یافتہ شہر ہے مسلم لیگ ن کے قائد نے چیئرمین تحریک انصاف کو چیلنج کیا کہ عمران خان 10لوگوں کو ملتان اور جنوبی پنجاب بھیجیں اور یہاں کی ترقی دیکھیں‘ اگر ملتان آپ کے پشاور سے بہتر نہ ہوا تو ووٹ مانگنا چھوڑ دوں گا۔ اس موقع پر سابق وزیر اعظم نے ’ووٹ کو عزت دو‘ کے نعرے بھی لگوائے اورجاوید ہاشمی کی شمولیت پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔ مسلم لیگ ن کی مرکزی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ خلائی مخلوق کے اسکرپٹ میں دھرنے اور لاک ڈاؤن تھے، مخالفین کے تمام اندازے غلط ثابت ہوئے‘ اسکرپٹ میں یہ نہیں تھا کہ نواز شریف ڈٹ جائیں گے‘ آپ بزدل ترین انسان ہو‘ کرسی پر بیٹھے شخص کو سلام کرتےہو ‘ نوازشریف کامقابلہ عمران خان کےبڑوں کیساتھ ہے‘ زرداری عمران بھائی بھائی ہیں۔انہوں نے کہا کہ حساب لینے والے تھک گئےہیں اورسر پکڑ کربیٹھے ہیں لیکن نوازشریف تھکا نہیں ہے 70پیشیوں اوردہائیوں سے نوازشریف کا احتساب کرکے 10روپے کی کرپشن نہیں ملی۔ اگرنوازشریف کیخلاف ایک پائی کی کرپشن ہےتوسامنےلاؤورنہ قوم سےمعافی مانگو۔ مریم نواز نے کہا کہ کچھ لوگ سازشیں کرتے کرتے تھک گئے۔خلائی مخلوق کے اسکرپٹ میں دھرنے، نیوز لیکس، سازشیں ، مقدمے ، نااہلیاں شامل تھیں لیکن نوازشریف کے جلسے نے ان کی ساری تدبیریں الٹ دی ایک نوازشریف ساری خلائی مخلوق پر بھاری ہے ۔ قبل ازیں سینئر سیا ستد ا ن رہنما جاویدہاشمی نے کہا کہ ملک کی 70سالہ تا ریخ گواہ ہے کہ قائداعظم کے بعد ملک کو دشوار اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور آج بھی ملک نازک حالات سے گزر رہا ہے‘ نوازشریف نے قربانیاں دی ۔میں نے پارلیمنٹ میں کہا کہ نوازشریف میرے لیڈر تھے اور ہیں اور میں نے وصیت کی ہے کہ مجھے مسلم لیگی پرچم میں سپردخاک کیا جائے‘ مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کیوں کروں میں تو مجسمہ مسلم لیگ ہوں‘ نواز شر یف کی قیادت کوتسلیم کرتا ہوں۔بشکریہ روزنامہ جنگ

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here